وقت آگیا ہے قوم عمران خان کے گریبان پر ہاتھ ڈالے، جھوٹے بیانیے کی قیمت ادا کرنا پڑیگی: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم عمران خان کے گریبان پر ہاتھ ڈالے، عمران خان کو اب اپنے جھوٹے بیانیے کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو ایک نئے دور کا آغاز ہوا، ہماری حکومت کوعمران خان نے کہا کہ یہ امپورٹڈ اور جعلی حکومت ہے۔انہوں ںے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو آئینی طریقہ کار سے باہر نکالا، عمران خان نے جلسے میں اپنی جیب سے جعلی سائفر نکال کر لہرایا، لانگ مارچ میں حقیقی آزادی کا رونا رو رہا ہے، عمران خان کی سیاسی زندگی جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے میں گزری، کبھی بھی ایک نکتے پر نہیں کھڑا رہا۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 2014 میں عمران خان 126 دن کا دھرنا دیکر ڈی چوک میں بیٹھا رہا، عمران خان نے توشہ خانہ میں اصلی چیزوں کی جگہ نقلی چیزیں رکھوائیں، توشہ خانہ میں اصلی گھڑیوں کی بجائے نقلی گھڑیاں رکھوائی گئیں، سابقہ دورحکومت میں کرپشن کی لمبی داستانیں موجود ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اقتدار اور دولت کی ہوس میں سرفہرست ہے، 126 دن ناچ گانے سے لوگوں کی قسمت کے ساتھ کھیلا گیا،عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر اور باہر اس کے سر پر کوئی ہاتھ رکھے، اتحادی حکومت نے کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جب کہ عمران خا ن کے دور میں سیاسی انتقام کی آڑ میں رشتوں کا تقدس پامال کیا گیا۔