پتھر دل والدین نے اپنے دو جگر گوشوں کو ایدھی جھولے میں ڈال دیا

دو نومولود بچوں کے والدین نے اپنے بچے ایدھی کے جھولے میں ڈالے اور خود تو دنیا کی اس بھیڑ میں گم ہو گئے مگر انہیں زمانے بھر کی ٹھوکروں پر رکھ دیا۔ ایدھی سینٹر لاہور کی انتظامیہ نے دونوں بچوں کو قومی ائیر لائن کے ذریعے کراچی کے علاقے میٹھادر میں واقع ایدھی ہیڈکوارٹرز منتقل کرنے کی غرض سے ٹکٹ اور بورڈنگ پاس بنوائے۔ ایدھی کا نمائندہ تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جب بچوں کو لے کر جہاز میں پہنچا تو پی آئی اے کی باکمال سروس کی انتظامیہ نے ایدھی کے نمائندے کو دونوں بچوں سمیت پی کے 313 سے کسی قانونی جواز کے بغیر نیچے اتار دیا۔ ایدھی ذرائع کے مطابق ایدھی کے جھولے میں ڈالے جانے والے بچوں کو ہر ماہ کراچی ہیڈ آفس منتقل کیا جاتا ہے جہاں انہیں نرسری میں رکھا جاتا ہے۔ عبدالستار ایدھی یہ بچے بے اولاد جوڑوں کو دیتے ہیں۔۔ ایدھی سنٹر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے بچوں کو آف لوڈ کیوں کیا، اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔