پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔ آئی ایم ایف

اسلام آباد میں واشنگٹن سے وڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی ایم ایف مشن چیف ہیرالڈ فنگر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔ برآمدات میں اضافے کیلئے روپے کی قدر میں پانچ سے بیس فیصد کمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نجکاری پروگرام اور توانائی شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کرنا ہوگا۔ حکومت رواں برس اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل نہیں کر پائے گی، جی ڈی پی کی شرح پانچ فیصد رہے گی۔ ہیرالڈ فنگر کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے، چوری رکنے اور بلوں کی ریکوری بہتر ہونے سے سرکلر ڈیٹ 200ارب روپے سے کم ہو کر آٹھ ارب روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کاروبار دوست ماحول پیدا کرے۔ ایک سوال کے جواب میں ہیرالڈ فنگر نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اسحاق ڈار کو بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ نہیں دیا جس میگزین نے ایوارڈ دیا، اُس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔