اورنج لائن منصوبے کیس: عدالت عظمیٰ نے منصوبے میں نیس پاک رپورٹ کا جائزہ لینےکیلئے دورکنی کمیشن تشکیل دیدیا۔
سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین منصوبے پر ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ فریقین کی جانب سے بین الاقوامی ماہرین کے تین تین نام پیش کردیئے گئے۔ عدالت نے منصوبے میں نیس پاک رپورٹ کا جائزہ لینے کے لئے دورکنی کمیشن تشکیل دے دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ کمیشن نیس پاک رپورٹ کا جائزہ لے کر رپورٹ ایک مہینے میں جمع کروائے۔ کمیشن میں میسرز ،کنسلٹنٹ ،انجینئرنگ اور یونیسکو شعبہ آرکیالوجی کے پروفیسر رابن شامل ہوں گے۔ کمیشن نیس پاک کی دو رپورٹس کا جائزہ لے گا۔ رپورٹس فروری اور جولائی دوہزار پندرہ میں نیس پاک نے تیار کی تھی۔ عدالت کے مطابق کمیشن کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ کیس کی آئندہ سماعت رپورٹ آنے کے بعد ہوگی۔ اس سے قبل سماعت میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کل کی سماعت سے متعلق میڈیا رپورٹنگ پر ناراضی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عوام کو حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نہیں کہا بلکہ عوام کوووٹ کے صحیح استعمال کا کہا تھا۔ عدالتی کارروائی پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہوئی۔ عدالت میں بیٹھ میں کر غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرسکتے۔ میڈیا کو سنسنی پھیلانے کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔