افغانستان' طالبان نے فوج اور پولیس کے 100اہلکار وں کوقتل کر دیا
افغانستان میں طالبان نے فوج اور پولیس کے 100اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ۔ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ کے نواح میں لڑائی کے دوران پسپا ہوتے ہوئے افغان سیکیورٹی اہلکار طالبان کے گھیرے میں آ گئے جن میں سے 100 اہلکاروں کو جنگجوں نے قتل کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اہلکاروں کو لشکرگاہ کے نواحی علاقے چاہ انجیر میں قتل کیا گیا۔ایک اہلکار فیض محمد کے مطابق میرے علاوہ صرف 2اور اہلکار وہاں سے بچ کر آئے ہیں۔ طالبان نے اہلکاروں کی 22گاڑیوں، درجنوں ٹرکوں اور سیکڑوں رائفلوں پر بھی قبضہ کرلیا۔ طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے کہا کہ جنگجوں نے درجنوں اہلکاروں کو اغوا بھی کرلیا۔ افغان فوج کے ترجمان کے مطابق مزید 400اہلکاروں کو لشکر گاہ بھیج دیا گیا ہے۔ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں ڈرون حملوں میں داعش کے 27 جنگجو مارے گئے۔ علاوہ ازیں افغانستان میں نیٹو کے رزولوٹ سپورٹ مشن کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل چارلس کلیولینڈ نے کہا ہے کہ ملا منصور کی ہلاکت کے بعد افغان طالبان کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔