زرمبادلہ کے ذخائر کا 24 ارب 50 کروڑ ڈالر تک کی تاریخی حد تک پہنچنا بڑی کامیابی ہے، اسحاق ڈار

ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا 24 ارب 50 کروڑ ڈالر تک کی تاریخی حد تک پہنچنا بڑی کامیابی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم اور پوری قوم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر چند ہفتوں کی ادائیگیوں کے درآمدی بل کے برابر تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم ایسی سطح تک پہنچ چکے ہیں جہاں ہمارے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 6 ماہ کے درآمدی بل کے برابر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر 24 ارب 50 کروڑ ڈالر کے ذخائر میں سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس 19 ارب 50 کروڑ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب ڈالر کے ذخائر ہیں۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اس سطح تک پہنچنے کے لئے حقیقتاً سخت محنت کی ہے۔ آ ج کاپاکستان وہ نہیں ہے جو تین سال پہلے تھا۔ آج کا پاکستان زیادہ مستحکم ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کار اسے سرمایہ کاری کے لئے بہتر ملک سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ تمام کچھ وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں اپنی ٹیم کی سخت محنت اور کوششوں کے باعث حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں