پاک سر زمین کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا,کسی بھی جارحیت یا غیر ذمہ دارانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا : جنرل راحیل شریف
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل سٹاف آفیسرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانفرنس کے شرکا نے داخلی و خارجی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ایل او سی کے حالیہ ماحول اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس دوران کانفرنس کے شرکا نے مضحکہ خیز بھارتی سرجیکل سٹرائیکس کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے اسے کشمیر میں بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔ شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت یا غیر ذمہ دارانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک سر زمین کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے ملک میں استحکام آیا، پاکستان ترقی اور خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی داخلی سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کومبنگ اور انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، انتہا پسندی اور دہشتگردی کی دیگر وجوہات پر قابو پانے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ شرکا نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم سکیورٹی اجلاس کے حوالے سے غلط اور من گھڑت خبر پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ جھوٹی خبر قومی سلامتی کے خلاف سازش ہے۔