کراچی کے علاقے پیر آباد میں پولیس مقابلہ ایک خطرناک ٹارگٹ کلر گرفتار، دوران تفتیش کئی پولیس اہلکاروں اور مذہبی کارکنوں کے قتل کا اعتراف
پولیس کے مطابق پیرآباد میں مقابلے کے بعد ٹارگٹ کلر توفیق عرف مداری کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق ایک مذہبی تنظیم سے ہے ۔دوران تفتیش ملزم نے پولیس اہلکاروں پر حملے، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں سمیت پاور ہاوس چورنگی پر پولیس موبائل پر حملہ کیا۔ جس کا اسے اور ساتھیوں کو فی کس معاوضہ پانچ ہزار روپے ملا ۔ ملزم نے مخالف تنظٰیم کے متعدد کارکنوں کی بھی ٹارگٹ کلنگ کی ۔ تفتیش کے مطابق ملزم فیکٹریوں سے بھتہ فیصل اور حامد غوری نامی افراد کے کہنے پر وصول کرتے تھے ۔توفیق عرف مداری کا گینگ گیارہ افراد پر مشتمل تھا ۔پولیس کا کہنا ہے ملزم کے چار ساتھی فیصل عرف گنڈیری، عقیل عرف ٹیلہ وقاص عرف جبا اور فیضان عرف غنڈہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ جبکہ رینجرز نے پی آئی بی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر ضیاالدین عرف پہاڑی کو گرفتار کیا۔ ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جو سیکٹر انچارج بھی رہا ۔ ٹارگٹ کلر نے پولیس اہلکاروں،مذہبی و سیاسی کارکنوں اور تاجروں سمیت چالیس سے زائد افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔