قومی سلامتی سے متعلق متنازعہ خبر کے معاملے پر حکومت نے لچک دکھا دی۔ صحافی سیرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

رواں ہفتے قومی سلامتی سے متعلق ایک متنازعہ خبر زیر گردش رہی۔۔ جس سے یہ تاثر ملا کہ قومی معاملات پر عسکری و سیاسی قیادت ایک پیج پر نہیں ہے۔۔ یہ خبر ڈان نیوز پیپر کے صحافی سیرل المیڈا نے رپورٹ کی تھی جسے عالمی میڈیا نے مخصوص پیرائے میں اچھالا جبکہ بھارت کو بھی پروپیگنڈہ کرنے کا موقع مل گیا۔۔ ایک ایسے وقت میں جب دشمن کو ملی و قومی یکجہتی کا پیغام دینے کی ضرورت تھی یہ تاثر دیا گیا کہ قومی معاملات پر ابھی بھی صورتحال مثالی نہیں۔۔ وفاقی حکومت نے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صحافی سیرل المیڈا کا نام ای سی ایل میں شامل کر لیا اس کا جواز یہ دیا گیا کہ مذکورہ صحافی اپنی خبر کی اشاعت کے اگلے روز بیرون ملک جانا چاہتا تھا جسے روکنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا تاہم صحافتی تنظیموں کی اپیل پر حکومت نے نظر ثانی کرتے ہوئے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا۔۔ قومی معاملات پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین نے حکومت کے اقدام کو سراہا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صحافی سیرل المیڈا بھی حکومت سے تعاون کرتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم کو بیان دیں گے اور اس حقیقت سے پردہ اٹھایا جائے گا کہ واقعی اس خبر کا کوئی ذرائع تھا یا مفروضے کی بنیاد پر کہانی گڑی کی گئی تھی۔۔ امید کی جا رہی ہے کہ معاملہ آئندہ چند روز میں نمٹا دیا جائے گا۔۔۔