ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان خطرناک حد تک کم ہوگیا۔

گزشتہ مالی سال میں 2.3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے مقابلے میں رواں مالی سال ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 4.5فیصد اضافہ کے ساتھ 2.5 بلین ڈالر رہی۔اوررسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطابق ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان بہت کم ہے اور یہ ملک کے مجموعی جی ڈی پی کا ایک فیصد بھی نہیں ہے، ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت ایشیا کی دیگر ترقی پذیر معیشتوں میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا جی ڈی پی تناسب زیادہ ہے جبکہ ویتنام میں یہ تناسب 6 فیصد ہے۔کاروباری اعتماد اسکور اپریل 2016میں 36فیصد اور نومبر2016کے 17فیصد کے مقابلے میں 13 فیصد رہا جوکہ کاروباری اعتماد میں کمی کا رحجان ظاہرکرتا ہے۔ اوآئی سی سی آئی اراکین کے کاروباری اعتماد میں بھی نومبر 2016کے مقابلے میں 9 فیصد کمی آئی ہے۔