سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے لاہورمیں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پرتحفظات کا اظہار کردیا
سری لنکن کرکٹرزنے لاہورمیں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا،،سری لنکن کرکٹرزنے اگرچہ مکمل طورپردورے سے انکار نہیں کیا لیکن انھیں سیکیورٹی کے سخت خدشات لاحق ہیں جس کا اظہارانھوں نے کرکٹ بورڈ کوبھیجے گئے خط میں کیا ہے۔سری لنکن کرکٹرتھسارا پریرا واحد کھلاڑی ہیں جو پاکستان جانے کے لیے تیاردکھائی دیتے ہیں۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے پاکستان میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر رضامندی ظاہر کررکھی ہے لیکن بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں سکیورٹی کو اولیت دی جائے گی۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کا اجلاس پیر کے روز ہوگا جس میں معاملے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس وقت دبئی میں ایک روزہ سیریز کھیلی جا رہی ہے جس کے بعد تین ٹی 20 میچوں کی سیریز ہوگی۔ٹی 20 سیریز کے 2 میچ متحدہ عرب امارات جب کہ ایک لاہور میں کھیلنے کی تجویز ہے