عمران خان کی آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات، کشمیریوں کی حمایت پر اظہار تشکر
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچے تھے جہاں انہوں نے صدر حسن روحانی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس ملاقات میں ایرانی صدر حسن روحانی بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت پر ایرانی رہبراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو کئی اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی بحران شدید ہوگیا ہے اور بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت ہے۔ واضح رہے کہ دورہ ایران میں وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔