وہی قومیں کامیاب ہونگی جو خود کو تبدیلی سے ہم آہنگ کریں گی۔صدر ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا میں سائنسی اعتبار سے بے شمار تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور وہی قومیں کامیاب ہونگی جو خود کو تبدیلی سے ہم آہنگ کریں گی‘ پاکستان میں یونیورسٹیوں کو مارکیٹ کی طلب کے انجینئرنگ کی تعلیم دینی چاہئے کیونکہ اس پر خطیر سرمایہ خرچ کیا جاتا ہے۔ پیر کو اسلام آباد میں دوسری بین الاقوامی انجینئرنگ ایجوکیشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں 100 سے زائد یونیورسٹیاں انجینئرنگ کی تعلیم دے رہی ہیں جبکہ یونیورسٹیوں میں انجینئرز کو مارکیٹ کی طلب کے تحت ہی تعلیم دینی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو توانائی میں خود کفیل بنانے کے لئے انجینئرز اپنا کردار ادا کریں اور انجینئرز اور ڈاکٹرز کی تعلیم پر ملک کا خطیر سرمایہ خرچ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا ضیاع روک کر استعمال کے لئے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان میں سیوریج کا ساڑھے چار سو ملین گین پانی سمندر میں پھینکا جارہا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا میں سائنسی اعتبار سے بے شمار تبدیلایں رونما ہورہی ہیں جبکہ دنیا میں وہی قومیں کامیاب ہونگی جو خود کو تبدیلی سے ہم آہنگ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معاشرے میں معاشی بے ضابطگیوں کو ختم کرنا ترجیح ہونی چاہئے۔ اداروں میں انجینئرز کی پروموشن کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جانا چاہئے۔