اسرائیلی جیل میں 250 فلسطینی قیدیوں کی مظالم کیخلاف بھوک ہڑتال
اسرائیلی جیلوں میں قید اسلامی جہاد کے 250 قیدیوں نے اسرائیلی مظالم کے خلاف بطورراحتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی۔ فلسطینی محکمہ اموراسیران ، کلب برائے اسیران اور سپریم کمیٹی برائے امور اسیران کی طرف سے جاری ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اسیران چھ ستمبر 2021 کے بعد کے اسرائیلی جیل انتظامیہ کی طرف سے قیدیوں کے خلاف اقدمات کو مسترد کرتے ہیں۔فلسطینی اسیران کے امور کے ذمہ دار اداروں نے کہا کہ اسرائیلی قابض انتظامیہ اسلامی جہاد کے اسیران بنیادی تنظیمی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اسرائیلی دشمن کی طرف سے اسلامی جہاد کے قیدیوں کو تنہائی میں ڈالا جا رہا ہے۔ اسلامی جہاد کے رہنمائوں کو تفتیشی مراکز منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسلامی جہاد کے سات قیدیوں کی طویل بھوک ہڑتال کے باوجود انہیں نظر انداز کیا گیا۔ ان اسیران کی طویل بھوک ہڑتال کے باعث ان کی زندگی خطرے میں ہے کیونکہ ان میں سے بعض کی بھوک ہڑتال تین ماہ سے جاری ہے۔فلسطینی محکمہ اموراسیران کے سیکرٹری عبدالقادرالخطیب نے کہا کہ اسرائیلی جیل انتظامیہ کی طرف سے قیدیوں کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ قیدیوں پر بے جا پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں اور انہیں انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے۔