میانداد نے توسیع کے خواہشمند چیئرمین پی سی بی کی مشکلات بڑھا دیں

لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کے تین سالہ عہدے کی میعاد ختم ہونے سے قبل ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے پی سی بی کے خلاف محاذ کھول کر بورڈ کو ایک نئی مشکل سے دوچار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے سرپرست اعلی صدر پاکستان آصف زرداری لندن سے وطن واپس آ کر اعجاز بٹ کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے تاہم اس دوران جاوید میانداد نے پی سی بی کے خلاف سنگ باری کر کے اعجاز بٹ کی مشکل میں اضافہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاوید میانداد نے اسلام آباد میں صدر پاکستان کے قریبی دوست سے ملاقات کی ہے اور انہیں اعجاز بٹ کے حوالے سے بریفنگ دی ہے۔ دوسری جانب اعجاز بٹ اس بار ڈسپلن کی خلاف ورزی پر میانداد کے خلاف کارروائی کرنا چاہتے ہیں تاہم میاں داد کے اثرورسوخ کی وجہ سے وہ مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ ذرائع کے مطابق اعجاز بٹ کوششیں کریں گے کہ لندن میں صدر مملکت سے ملاقات کریں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد کے حالیہ بیانات اعجاز بٹ کی توسیع کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میانداد کو شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے لئے سات دن کا وقت دیا گیا ہے سات دن بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ کیا کرنا ہے۔