چودھری نثار کا چیئرمین پی اے سی کے عہدہ سے مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ‘ قیادت حائل

اسلام آباد (محمد نواز رضا ‘ وقائع نگارخصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے عہدہ سے مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے تاہم ان کے فیصلے پر عملدرآمد کی راہ میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کے ارکان حائل ہو گئے۔ بعض حکومتی ارکان نے چودھری نثار علی خان سے رابطہ قائم کیا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ پبلک اکاونٹس کمیٹی سے اپنے آپ کو الگ نہ کریں۔ ان کے چیئرمین کے عہدہ سے استعفیٰ دینے سے پبلک اکاونٹس کمیٹی غیرموثر ادارہ بن کر رہ جائے گی۔ چودھری نثار علی خان نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ قومی اسمبلی کی سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو بھجوا رہے ہیں۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ چودھری نثار علی خان اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی موجودگی میں اپنے استعفیٰ کا اعلان کریں گے اور وہ اپنے استعفے کی وجوہات سے آگاہ کریں گے۔ چودھری نثار علی خان نے نوائے وقت کو بتایا کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ پارٹی کی قیادت کی طرف سے ان کو اس فیصلے پر تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے متنازعہ آڈیٹر جنرل مقرر کر کے اپنے دور میں ہونے والی بے قاعدگیوں ‘ بے ضابطگیوں اورکرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔