بھتہ خوری اور ڈکیتیاں ایک دن بھی نہیں رکیں....کراچی آپریشن پر صنعتی تجارتی حلقے مایوس

کراچی (عبدالقدوس فائق) تجارتی وصنعتی حلقوں نے کراچی میں قانون نافذ کرنے وا لے اداروں کے آپریشن پر مایوسی کااظہار کیا ہے اورکہا ہے کہ اس آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ اور سیاسی محاذ آرائی میں وقتی طورپر کمی ہوئی ہے لیکن ایک دن بھی بھتہ خوری اورڈکیتیاں بند نہیںہوسکی ہیں۔وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے صدر سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ یہ آپریشن کسی ایک کے خلاف نہیں اورتمام جرائم پیشہ کے خلاف بلا امتیاز کیاجائے تب ہی بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ قتل وغارت گری‘بھتوں اورڈکیتیوں نے کراچی کو تباہ کرکے رکھ دیاہے۔ ایوان تجارت وصنعت کراچی کے صدر حافظ سعید شفیق نے کہا کہ وقتی طورپر ٹارگٹ کلنگ اور قتل وغارت گری رکی ہے لیکن ایک دن بھی بھتے اور ڈکیتیاں نہیں رک سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف کلفٹن کے شاپنگ سینٹرز سے ساڑھے سات کروڑ روپے بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔ اسی کے ساتھ بندرگاہ سے درآمدی صنعتی مال لے کر نکلنے والے پورے پورے ٹرک اغوا کرکے کروڑ ہا روپے کا صنعتی خام مال روزانہ لوٹاجارہا ہے۔ انڈیا پاک چیمبر کے صدر ایس ایم منیر نے کہا کہ کراچی میں 50 فیصد صنعتیں بند ہو چکی ہیں متعدد صنعتکار ملک سے باہر چلے گئے ہیں جبکہ لاتعداد مزید صنعتکار بیرون ملک سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار ہے۔ وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے نائب صدر شیخ خالد تواب نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ٹارگٹ کلنگ رک گئی ہے جو وقتی طورپرلگتی ہے مگر اب تک بھتہ خوری اور ڈکیتی کا سلسلہ جاری ہے۔ سائیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالوہاب لاکھانی نے کہا کہ اگر حکومت چاہے تو پولیس اور رینجرز دو دن میں جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کرسکتی ہے۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ اب تک بھتہ خوری اور ڈکیتیوں کی وارداتوں کو روکنے کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔ میاں ناصر حیات مگوں نے بھی کراچی میں بلاامتیاز آپریشن کا مطالبہ کیا اورکہا کہ ٹارگٹ کلنگ میں کمی پر مطمئن ہونے کے بجائے جرائم پیشہ افراد کو پکڑ کر کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سابق چیئرمین اورممتاز صنعتکار شیخ منظر عالم نے کہا کہ آپریشن سے اب تک بھتوں اورڈکیتیوں پرکوئی فرق نہیں پڑا ہے۔ ایوان تجارت وصنعت کراچی کے سابق صدر مجید عزیز نے کہا کہ بلاامتیاز آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور ایکشن کے بغیر امن وامان ممکن نہیں۔