ڈینگی سے مزید 5 ہلاک‘ لاہور کے تعلیمی ادارے 10 روز کیلئے بند‘ ہسپتالوں کے انتظامی دفاتر مریضوں کیلئے مختص کئے جائیں: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر + خبر نگار + ریڈیو نیوز) پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور مزید 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں‘ پنجاب میں ڈینگی وائرس کے مزید 569 مریض سامنے آئے ہیں‘ 2 ہلاکتیں لاہور‘ ایک چنیوٹ اور ایک خیبر پی کے میں ہوئی ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد 4201 تک پہنچ چکی ہے۔ پنجاب حکومت نے ڈینگی وائرس کے سدباب کے لئے تعلیمی اداروں میں سپرے اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی غرض سے لاہور کے تمام پرائیویٹ و سرکاری سکولوں اور کالجوں کو آج سے 10 روز کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اساتذہ سمیت تمام عملہ سکولو ں میں حاضری کا پابند ہو گا۔ ڈینگی کے وائرس کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ طلبا و طالبات کو ڈینگی و ائرس سے محفوظ رکھنے اور سکولوں میں سپرے اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے لاہور بھر میں سرکاری و نجی سکول 10 روز تک بند رہیں گے۔ انہوں نے لاہور کے تمام ہسپتالوں میں انتظامی دفاتر کو فوری طور پر ڈینگی بخار کے مریضوں کے لئے مختص کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس پر فوری عمل کیا جائے اور متاثرہ اضلاع میں عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لئے بذریعہ ہوائی جہاز پمفلٹس گرانے کے لئے بھی پلان مرتب کیا جائے۔ سری لنکا سے ماہرین کی ٹیم آج بدھ کو پہنچ جائے گی جو پنجاب حکومت کو فنی معاونت فراہم کرے گی‘ جرمنی سے مشینیں اور بھارت سے عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ادویات منگوانے کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے پنجاب میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی اور ہسپتال مریضوں سے بھرگئے جس کے باعث محکمہ صحت نے رش کی وجہ سے ہسپتالوں میں مزید ڈینگی وارڈ بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے ڈینگی کے باعث لاہور کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے آج سے 10 روز کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق تعلیمی ادارے آج بدھ سے بند کر دئیے جائیں گے۔ دوسری جانب لاہور کے ینگ ڈاکٹرز نے کسی معاملہ پر پولیس اہلکاروں سے جھگڑا کے بعد ہسپتالوں میں آوٹ ڈور بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق پنجاب میں 3846 اسلام آباد 92 جبکہ سندھ میں ڈینگی بخار کے 195 مریض ہیں جبکہ خیبر پی کے میں 25 اور راولپنڈی میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد 38 ہے۔ خبر نگار کے مطابق گذشتہ روز ڈینگی بخار سے مقامی اخبار کا نیوز ایڈیٹر مرعوب صدیقی بھی دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں ریلوے انتظامیہ اور چیف میڈیکل آفیسر کی نااہلی کے باعث ریلوے دفاتر اور رہائشی کالونیوں میں ڈینگی کے خوف نے ریلوے ملازمین اور ان کے بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا صرف گڑھی شاہو کے آفیسر کالونی میں گزشتہ روز ڈائریکٹر سکولز کیپٹن آصف کے بیٹے سمیت 3 ڈینگی مریضوں کا انکشاف ہوا ہے تاہم ریلوے کے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے اس موذی مرض کے خاتمے یا اس سے بچاو کے حوالے سے ابھی تک کوئی آگاہی یا مچھر مار مہم شروع نہیں کی گئی۔ نامہ نگار کے مطابق لاہور پولیس کے ڈینگی و ائرس کے شکار ساڑھے تین سو ملازمین کو مقامی ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے مزید کہا کہ ڈینگی وائرس کے تدارک کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مریضوں کی سہولت کے لئے ہسپتالوں میں اضافی عملہ اور مشینری بھی فراہم کردی گئی ہے۔ ڈینگی وائرس کے تدارک کے لئے جاری تحریک میں معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کیا گیا ہے اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوام کی آگاہی کے لئے بھی بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے۔ حکومت پنجاب اور پرائیویٹ ہسپتالوں کے مالکان کے مابین ہونے والی بات چیت کی روشنی میں پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے مریضوں کو طبی سہولیات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے پرائیویٹ ہسپتال مختص کردہ ڈینگی بخار کے مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ٹاﺅن کمیٹیاں پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو طبی سہولیات کی مفت فراہمی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے گذشتہ روز اچانک جیل روڈ پر واقع عمار ہسپتال اور سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور یہاں ڈینگی وائرس کے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وہ فرداً فرداً تمام مریضوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سروسز ہسپتال میں استقبالیہ پر پرچی جاری کرنے کے کاونٹر پر اہلکاروں کی کم تعداد پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر 10 مزید اہلکاروں کی تعیناتی کا حکم دیا۔ انہوں نے پیناڈول کی عدم دستیابی کے بارے میں مریضوں کی شکایت پر سیکرٹری صحت کو فون پر ہدایت کی کہ آج رات مارکیٹ اور ہسپتالوں میں پیناڈول کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے جیل روڈ پر پرائیویٹ عمار ہسپتال کا دورہ کیا اور یہاں بھی زیر علاج ڈینگی وائرس کے مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ایک مریض کے دعائیں دینے پر کہا کہ وہ عمار ہسپتال کی انتظامیہ کو دعائیں دیں جس نے مفت سہولت فراہم کی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے ایوان اقبال میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی رہنمائی کے لئے قائم کی گئی ہیلپ لائن 0800-99000 کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور فارماسسٹوں سے آنے والی کالوں اور فراہم کی جانے والی معلومات کے حوالے سے دریافت کیا۔