ڈینگی مچھرنے پنجاب کوجکڑلیا،متاثرہ افراد کی تعداد پانچ ہزارکے قریب پہنچ گئی
پنجاب میں ڈینگی بخار وبا کی صورت اختیارکرگیا ہے۔ آج لاہورمیں مجاہد سکواڈ کےایک اہلکارعطامحمد سمیت ٹاؤن شپ اور چلڈرن ہسپتال میں دوبچوں کی ہلاکت ہوئی۔ ان ہلاکتوں کےبعد لاہور میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد اکیس ہوگئی ہے۔ذرائع کےمطابق آج مزید دو چینی افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی،جس کے بعد اب تک چین کے نو باشندے ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں۔ ادھر چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مزید چار سو بارہ ڈینگی کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے تین سو تریپن افراد کا تعلق صرف لاہور سے ہے۔ مجموعی طور پر پنجاب میں ڈینگی سے اب تک چارہزار نوسو نواسی افراد متاثر ہوئےجن میں سےلاہور کےچار ہزارایک سو اٹھارہ افراد اس بخار میں مبتلا ہوئے ہیں۔ ڈینگی فیور کے تدارک کے حوالے وزیراعلی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سکولوں کالجوں کے بعد یونیورسٹیزکو بھی دس روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ڈینگی کے خطرے کے پیش نظر صوبائی حکومت کے اعلان کے باوجود آج بھی لاہور میں کئی پرائیوٹ سکول کھلے رہے، متعدد نجی سکولز کو شوکازنوٹس بھی جاری کیےگئے۔ پنجاب حکومت نے ڈینگی وائرس کی تشخیص کے لیے چوبیس گھنٹے کے اندر بیس نئی لیبارٹریز قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ۔ وزیراعلی نے ڈینگی سے بچائوکا سپرے نہ کرانے والی پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائیٹیز کے خلاف بھی سخت کاروائی کا حکم دیا