ملتان دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑگیا ، ہلاکتوں کی تعداد 11 جبکہ 57 افراد زخمی
ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق دس افراد کا تعلق ملتان کےمختلف علاقوں سے ہے جبکہ دوخواتین کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی،جاں بحق افراد میں اکرم،عرفان، آصف، عمر، حق نواز،فرہاد ،رمضان،مزمل، احتشام شامل ہیں۔ دوسری طرف پولیس نے دھماکے کی جگہ سے شواہد جمع کرتے ہوئے ایک مشکوک لاش کو تحویل میں لے کر ڈی این اے اورفنگرپرنٹس بھی حاصل کرلیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کےمطابق دھماکے میں چھ سےسات کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکاخیز مواد میں آگ لگانے والا کیمیکل بھی شامل تھا۔ دھماکے کے مقام پر دو فٹ تین انچ چوڑا اور پانچ انچ گہرا گڑھا پڑا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آور بارودی مواد کو بیگ میں لیکر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کررہے تھے۔حملہ آور کس مقام کو اپنا ہدف بنانا چاہتے تھے اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں
ایس پی گلگشت محمد آصف کا کہنا ہے کہ واقعہ میں مشکوک سمجھی جانے والی موٹر سائیکل میپکو اہلکار کی ہے، جو اس واقعےمیں جاں بحق ہوگیا ہے، وہاڑی چوک دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی نےنامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا ہے۔