بنکاک سے چوری 3 لاکھ ڈالر کا ہیرا چینی خاتون کی آنت سے برآمد
ایک چینی خاتون کی آنتوں سے ’آپریشن‘ کے بعد تین لاکھ ڈالر کا ہیرا برآمد کر لیا گیا۔ شبہ تھا کہ خاتون نے یہ ہیرا تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں چرایا تھا۔ خیال ہے کہ یہ خاتون ہیرے کو نگل گئی تھی۔ خاتون نے چھ قیراط کا یہ ہیرا جمعرات کو ہیروں کے ایک میلے سے چوری کیا تھا اور اسے ایک نقلی نگینے سے بدل دیا تھا۔ تاہم سکیورٹی کیمروں نے اس منظر کو فلم بند کر لیا اور یہ خاتون بنکاک کے ہوائی اڈے سے گرفتار کر لی گئی۔ خاتون کے ساتھ سفر کرنے والے ایک مرد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے پہلے چوری سے انکار کیا لیکن اس کا ایکسرے کیا گیا جس سے ظاہر ہو گیا کہ ہیرا اس کے جسم کے اندر ہے۔ اسے جلاب دیا گیا لیکن جب یہ طریقہ کارگر نہ ہوا تو ایک ٹیوب کے ذریعے خاتون کی بڑی آنت کا معائنہ کیا گیا اور پھر ہیرے کو نکال لیا گیا۔