بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچادی گئی، تدفین آج ہوگی

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچادی گئی، انہیں آج جاتی امرا میں نواز شریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے کینسر میں مبتلا تھیں اور اسی موذی مرض سے لڑتے لڑتے بدھ (11 ستمبر)کو خالق حقیقی سے جاملیں۔ لندن سے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات بھی لاہور پہنچیں۔