سی پیک کے تحت جاری منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں گے،وزیر منصوبہ بندی

منصوبہ بندی کے وزیر خسرو بختیار نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہونگے۔
انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے لائحہ عمل کے تحت جلد مکمل ہونے والے منصوبوں پر بھی پیشرفت کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بحالی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ملک میں مصنوعات کی تیاری کے شعبے کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سی پیک کے تحت صنعتی تعاون محض خصوصی اقتصادی زونز تک محدود نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان وسیع تر صنعتی تعاون کے تحت صنعتی شعبہ ترقی کریگا وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کیلئے ایم ایل ون منصوبہ مکمل کیا جائے گا جس سے پاکستان میں ریل گاڑیوں کی رفتار ایک سو ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھے گی اور سامان کی موثر طور پر نقل و حمل یقینی بنائی جا سکے گی۔
خسرو بختیار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گوادر کو انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ تصور کرتے ہوئے اس کی مکمل استعداد کار کو بروئے کار لائے گیکیونکہ دنیا کے 80 فیصد سامان کی نقل و حمل سمندری راستوں کے ذریعے ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک چینی وفد کے ساتھ حالیہ ملاقات کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے ورکنگ گروپس میں نیا ذیلی گروپ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان مختلف علاقوں کو راہداری فراہم کرتا ہے اور اقتصادی راہداری کے ذریعے یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان کاروباری سرگرمیوں کے لئے مواقع فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیسرے فریق کی سرمایہ کاری کیلئے دو فوکل پرسنز مقرر کئے گئے ہیں۔