الیکشن کمیشن کا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن پر عائد کیے گئے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کرنے اور الزامات کے ثبوت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیشن کا اجلاس منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر سربراہی منعقد ہوا جس میں کمیشن کے اراکین نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی سمیت دیگر سینئر اراکین نے شرکت کی۔دوران اجلاس چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن پر لگائے گئے الزامات پر گفتگو ہوئی اور الیکشن کمیشن نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ صدر پاکستان اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے جو الزامات عائد کیے ہیں ان کے ثبوت طلب کیے جائیں۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر پر بھی جو الزامات عائد کیے گئے تھے اس پر دونوں وزرا کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔