عمران خان کو سنگین نوعیت کے مقدمے میں عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے: اسلام آباد پولیس

اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ عمران خان کو کم سے کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید و جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چئیرمن پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمہ میں جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا، یہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت قائم کیا گیا ہے جو کہ ایک سنگین نوعیت کا مقدمہ ہے۔پولیس اعلامیے کے مطابق اس مقدمہ میں شامل قانون کی شق نمبر (vii) ایچ کے تحت ملزم کو کم سے کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید وجرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق نمبر (vi) ایم کے تحت کسی بھی سرکاری ملازم کو ڈرا یا دھمکا کرقانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا جس کا مقصدریاستی یا قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خوف و ہراس پیدا کرکے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا ہے جو کہ ایک سنگین جرم ہے۔