پی ایم ایل (ن) عمران خان کو متنازع بنانے کے لیے منظم مہم چلا رہی ہے: پی ٹی آئی کا حکومت پر عمران خان کے خلاف مذہب کے استعمال کا الزام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے حکمراں اتحاد اور خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) پر پارٹی سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ‘مذہب کا استعمال اور مذہبی اشتعال انگیزی پھیلانے’ پر شدید تنقید کی ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر اور افتخار درانی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے الزام عائد کیا کہ پی ایم ایل (ن) عمران خان کو (لوگوں میں) متنازع بنانے کے لیے منظم مہم چلا رہی ہے۔یہ بیانات پی ایم ایل (ن) کے رہنما جاوید لطیف کی پریس کانفرنس کے گھنٹوں بعد سامنے آئے، جس میں عمران خان پرالزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں ‘اسلام کے بنیادی اصولوں پر حملہ’ کرتے ہوئے احمدی کمیونٹی کو ‘سپورٹ’ کیا تھا۔جاوید لطیف نے کہا تھا کہ جب عمران خان نیا پاکستان بنا رہے تھے تو کراچی میں قادیانیوں کے یونٹس فعال ہو گئے تھے، اور کیا عمران خان نے غیر ملکی میڈیا کو دیے گیے انٹرویو میں نہیں کہا تھا کہ قادیانیوں کو مذہبی آزادی دی جائے گی۔جاوید لطیف کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ صرف سیاسی نظریات نہیں بلکہ مذہبی نظریات کی وجہ سے بھی شامل ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بنائی گئی پالیسیز حضور صلی اللہ والہ وسلم کے ساتھ پیار اور احترام کا ثبوت ہیں۔