پاکستان اور برطانیہ اچھے دوست اور قریبی شراکت دار ہیں۔نگران وزیر خارجہ

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ اچھے دوست اور قریبی شراکت دار ہیں۔حکومت پاکستان اور برٹش کونسل کے اشتراک سے کامن ویلتھ یوتھ منسٹرزمیٹنگ کے مندوبین کے اعزاز میں لندن میں استقبالیہ دیا گیا ،کامن ویلتھ کے رکن ممالک سے یوتھ منسٹرز ، اعلی عہدیداران اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے استقبالیہ میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔استقبالیہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور نمایاں کاروباری افرادبھی موجود تھے ۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے استقبالیہ میں شریک مندوبین کو خوش آمدید کہا ۔نگران وزیر خارجہ نے بہترین انتظامات کرنے پر کامن ویلتھ سیکرٹریٹ ،سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی-انہوں نے اجلاس کے کامیاب انعقاد میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر برٹش کونسل اور حکومت برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ اچھے دوست اور قریبی شراکت دار ہیں۔ ہماری دوستی مشترکہ ورثے، اقدار اور باہمی خیر سگالی پر مبنی ہے۔نگران وزیر خارجہ نے برطانیہ میں موجود16 لاکھ برٹش پاکستانیوں کو ملک کا اثاثہ قرار دیا اور پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ میں ان کے مثبت کردار کو سراہا۔سیکرٹری جنرل کامن ویلتھ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے پاکستانی نوجوانوں کی قابلیت کو سراہا اور پاکستان کی ثقا فتی خوبصورت کی تعریف کی۔