وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر حملے کی مذمت
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےجسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی اتھارٹیز کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ واقعے کے ذ مہ داران کو جلد سے جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ دوسری جانب سیاسی رہنماؤں نے بھی جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم پوری قوت سے عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دنیا کی کسی بھی جمہوریت میں ججوں کو دھمکانے کیلئے سیسلین مافیا جیسے حربوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہمیں دشمن سے زیادہ کرپٹ سیاستدانوں اور بیورو کریسی سے خطرہ ہے۔ عمران خان نے عدلیہ سے یکجہتی کیلئے انتیس اپریل کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ کا اعلان کردیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی جسٹس اعجازالاحسن کی رہائش گاہ پرفائرنگ کی مذمت کی ہے۔ سابق صدر کا کہنا ہے فائرنگ کے واقعے کی اعلیٰ عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔ ملزمان کو گرفتار کر کے بے نقاب کیا جائے