وفاقی کابینہ اور بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان
وفاقی کابینہ اور بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان چند روز سے اپنی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لے رہے ہیں اور ان کو فیڈ بیک بھی دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ نہ صرف چند وزراء کی وزارتوں کو تبدیل کیا جائے بلکہ ان محکموں میں موجود بیوروکریٹس کو بھی تبدیل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان امریکہ میں جاری مذاکرات کے ختم ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ کے بعد وزارت خزانہ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں بہت بڑی تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور ایف بی آر کے چیئرمین کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔ جبکہ وزارت خزانہ کے بھی کچھ اہم افسران کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ وزارت پیٹرولیم میں بھی اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ وزارت پیٹرولیم کسی ایسے ذمہ دار شخص کو دیئے جانے کا امکان ہے جس کومتعلقہ شعبہ پر دسترس بھی حاصل ہے۔ جبکہ ملکی داخلی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کوئی کل وقتی وزیر داخلہ تعینات کر دیں۔ وزیر اعظم اپنے چند قریبی ساتھیوں کے ساتھ مل کر ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کو حل کرنے کے لئے زیادہ فوکس کرنا چاہتے ہیں۔ جبکہ کچھ دیگر وزارتوں میں بھی تبدیلیاں ہوں گی اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔