وزیراعظم سے ملاقات میں میری وزارت کی تبدیلی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی، اسد عمر
وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ میں نے وزیراعظم عمران خان سے پیر کو ملاقات کی ملاقات میں میری وزارت کی تبدیلی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی، تاہم میں نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف سے طے پانے والے معاملات، ایف اے ٹی ایف کی تجاویز اور اہداف پرعملدرآمد میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ ملاقات میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے حتمی مسودے پربھی غور کیا گیا ۔ اس سوال پر کہ آپ کی وزارت تبدیلی کی خبریں زیر گردش ہیں جواب میں وزیر خزانہ نے اس خبر کو رد کرتے ہوئے کہاکہ نہ وزیراعظم نے اس حوالے سے مجھ سے سوال کیا اور نہ ہی میں نے اس بارے کچھ پوچھا ، میری ان سے صرف آئی ایم ایف سے ہونے والی بات چیت اور ایف اے ٹی ایف کی تجاویز اور اہداف پر عملدرآمد میں پیش رفت اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے حتمی مسودے پر بات چیت ہوئی۔ میری وزارت کے حوالے سے قطعاً کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔
آئی ایم ایف کے بارے میں سوال پر وزیر خزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف سے ہماری اصولی ڈیل ہوگئی ہے ، رسمی کارروائی کیلئے آئی ایم ایف کا ایک وفدپاکستان آئے گا اور پھر اس ڈیل کو لاک کرلیاجائے گا جب یہ ڈیل فائنل ہوگی تو اس کے ملکی معیشت پر بڑے مثبت اثرات مرتب ہونگے.