امریکہ نے پاکستان کو دی جانے والی امداد کو القاعدہ اور دیگر شدت پسندت گروپوں کے خلاف کارروائی سے مشروط کردیا ۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو سکیورٹی کی مد میں دی جانی والی اربوں ڈالر امداد کی فراہمی القاعدہ اور اس کے اتحادی شدت پسند گروپوں کے خلاف کارکردگی سے مشروط کر دی ہے۔ اخبار نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ نے اپنے مفادات کا ایک خفیہ سکور کارڈ ترتیب دیا ہے،جسے پاکستان میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے لیے کی جانے والی کارروائی کے بعد نافذ کر دیا گیا ہے اور مستقبل میں اس بنیاد پر ہی پاکستان کو عسکری امداد ملے گی جبکہ چارمختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کا حساب بھی رکھا جائے گا۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایک سینئر امریکی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ نئی حکمتِ عملی دونوں ممالک کے موجودہ تعلقات کی حقیقت کی عکاس ہے۔ ادھر پاکستان میں امریکہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات صرف امداد سے متعلق ہی نہیں ہیں۔