کشمیر کی صورت حال پر بات کے لئے سیکیورٹی کونسل کا اجلاس چین کی درخواست پر طلب
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی صورت حال پر مشاورت کے لیے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا خصوصی اجلاس چین کی درخواست پر جمعہ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اگست میں سیکیورٹی کونسل کی صدارت پولینڈ کے پاس ہے۔ پولینڈ کی سفیر جوانا ورونیکا نے اجلاس طلب کرنے کی تصدیق کی ہے۔ جوانا ورونیکا نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بیجنگ کی درخواست پر ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ سیکیورٹی کونسل جمعرات کے روز کام نہیں کرے گی، اس لیے یہ 'مشاورتی میٹنگ' جمعہ کو ہو گی۔ اطلاعات کے مطابق عالمی ادارے کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس کے لیے پاکستان نے بدھ کے روز درخواست دی تھی۔ یاد رہے سیکیورٹی کونسل 50 سال کے وقفے کے بعد کشمیر کے معاملے کو زیر غور لائے گی۔