اپوزیشن کوصرف این آر اوچاہیئے : شیخ رشید
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو صرف این آر او چاہیئے، یہ بیان دیتے ہیں کہ نیب کو ختم کر دیا جائے، نیب کو ختم کرنے کا مقصد ان کیخلاف کیسز ختم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کی تاریخ دی تھی، کدھر ہے اب اے پی سی ؟ محرم شروع ہونے والا ہے ابھی تک اے پی سی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، اس کے بعد ربیع الاول آجائے گا، یہ سوچ رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن کو استعمال کریں گے اور مولانا سمجھ رہے ہیں کہ وہ سیاسی طور پربچوں کو ورغلا سکیں گے، مولانافضل الرحمان کی بھول ہے کہ یہ اسمبلیاں چھوڑ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پتھراؤ والا جلوس نکالا، دراصل وہ خود نااہل ہوچکی ہیں اس لیے وہ چاہتی ہیں کہ شہباز شریف کیوں اس طرح اہل پھر رہے ہیں، اور اس کے لیے سارے پاکستان سے پتھراؤ گروپ اکٹھا کیا گیا، مریم نواز کی پیشی پر راولپنڈی سے بھی گاڑیاں کرایہ پر لی گئیں، مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے، حمزہ شہباز کا کیس سنگین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب پر پتھراؤ کیا گیا اس کے جواب میں نیب ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور نہیں کرے گا، انہوں نے الزامات کا رخ موڑنے کے لیے پتھراؤ کی حکمت عملی بنائی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کریگی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے، عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ یواےای اوراسرائیل معاہدے پردفترخارجہ کابیان آچکا ہے، سعودی عرب ہمارا آزمودہ تاریخی اور دل کے قریب دوست ہے اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں تھوڑی بہت غلط فہمیاں تھیں جو دور ہوچکی ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا سٹاک ایکس چینج کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، انڈسٹری چل پڑی، معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، وزیراعظم نے انسداد کورونا کیلئے بہتر حکمت عملی دی، بھارت میں روزانہ 60 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، کورونا سے نمٹنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ 17اگست سے مزید 10 ٹرینیں چلائی جائیں گی، ایم ایل ون تاریخی منصوبہ ہے، اس کا تاریخی افتتاح ہوگا، ایم ایل ون کے افتتاح پر چین سے بڑی شخصیت کی آمد متوقع ہے، ایم ایل ون پاکستان کی تاریخ کا گیم چینجر ہے، ایم ایل ون کا کریڈٹ وزیراعظم اور آرمی چیف کو جاتا ہے، آئی پی پیز میں بجلی کے نرخوں میں کمی ہونے جارہی ہے ۔