25 مئی کوخاتون پہ پستول تاننے والا سب انسپکٹر نوکری سے برطرف
صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں بتایا کہ 25 مئی کو ایک نہتی اور پرامن خاتون پہ پستول تاننے والے سب انسپکٹر عابد جٹ کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب انسپکٹر عابد جٹ کو محکمانہ کارروائی کر کے مجاز اتھارٹی نے سروس سے برطرف کیا ہے، پنجاب پولیس ایک پروفیشنل ادارہ ہے اور کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس سب انسپکٹر کی برطرفی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ اس طرح کی کالی بھیڑیں پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیے باعث شرمندگی ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی لیکن جنہوں نے عورتوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی کی ان سے رعایت نہیں ہونی چاہیے۔