امریکی وفد کا دورہ تائیوان، جزیرے کے اطراف چین کی تازہ فوجی مشقیں
چین نے تائیوان کے اطراف بڑے پیمانے پر مزید فوجی مشقیں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے بعد امریکی قانون سازوں کے ایک وفد کے دورہ تائیوان اور قیادت سے ملاقات پر دونوں ممالک کی درمیان تنازع مزید شدت اختیار کرجانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ دو روزہ غیراعلانیہ دورہ بیجنگ کی جانب سے خود مختار جمہوری تائیوان کے اطراف سمندر، فضا میں جنگی جہاز، میزائل اور جیٹ طیارے بھیجے جانے کے بعد کیا گیا، جس کے بارے میں چین کا مؤقف ہے یہ خطہ اس کا حصہ ہے اور ایک دن ضم کردیا جائے گا۔تائیوان میں قائم واشنگٹن کے ڈی فیکٹو سفارت خانہ کے مطابق میساچوسٹس سے منتخب سینیٹر ایڈ مارکی کی سربراہی میں 5 رکنی کانگریسی وفد نے صدر تسائی انگ وین سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ 'یہ دورہ امریکا اور تائیوان دونوں کے لیے اہمیت کا حامل ہے، دونوں ممالک کو وسیع دائرہ کار پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملا'۔