امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کی جزوی امداد روکنے کا بل منظورکرلیا جسے حتمی منظوری کیلئے آئندہ ہفتے سینیٹ میں بھیجا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کیلئے جزوی امداد روکنے کا بل منظور کر لیا ہے جبکہ بل میں مالی سال دو ہزار بارہ کیلئے امریکی دفاعی بجٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ بل کے مطابق پاکستان کیلئے انسداد دہشتگردی فنڈ کا صرف چالیس فیصد حصہ جاری کیا جائے گا۔ ڈیفنس اتھارائزیشن بل ایک سو چھتیس کے مقابلے میں دو سو تراسی ووٹوں سے منظور ہوا جسے آئندہ ہفتے حتمی منظوری کیلئے سینیٹ بھیجا جائے گا۔ دوسری جانب دوسوتینتیس ووٹوں سےایران پر پابندیوں سے متعلق بل کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ امریکہ کی جانب سے ایران پر سخت پابندیوں کا مقصد اسے معاشی طور پر کمزور بنا کر جوہری پروگرام میں پیش رفت سے روکنا ہے۔