دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں کسی صورت ہمارے جوانوں کے حوصلے متاثر نہیں کر سکتیں:عمران خان
وزیر اعظم عمران خان کی بلوچستان میں ضلع کیچ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے درجات کے بلندی کے لیے دعا کی اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں کسی صورت ہمارے جوانوں کے حوصلے متاثر نہیں کر سکتیں۔اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی گزشتہ رات میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے اس سانحہ کے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔واضح رہے سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران گاڑی دہشت گردوں کی نصب کردہ بارودی سرنگ سے ٹکراگئی تھی، زوردار دھماکے میں چھ اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ بعض ساتھی زخمی ہوئے، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔