سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی چوتھی برسی اتوار کے روز منائی جائے گی
سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی چوتھی برسی اتوار کے روز منائی جائے گی ۔برسی کے حوالے سے اے پی ایس میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جبکہ پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع اور ملک بھر میں اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ 16دسمبر2014ء کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول ورسک روڈ پشاورکے اندر قتل عام کرتے ہوئے سکول کے طلباء اور پرنسپل طاہرہ قاضی سمیت 140سے زائد طالب علموں اور سکول سٹاف کو شہید کر دیا تھا ۔سانحہ کو 4برس مکمل ہوجانے پربروز اتوار شہداء کی چوتھی برسی منائی جائے گی ۔شہداء آرمی پبلک سکول کی برسی کے سلسلے میں خیبر روڈ پر شہداء کی تصاویر لگا دی گئی ہیں جبکہ پشاور صدر میں بھی مختلف مقامات پر شہداء کی تصاویر لگائی گئی ہیں ۔