وزیراعظم کل بحرین کا دورہ کریں گے
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ بحرین کے دوران بحرین کی قومی دن کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اراکین اور اعلی حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بحرین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے تھے۔جہاں وزیراعظم اور ولی عہد کی ملاقات میں باہمی اور خطہ کے امور پر تفصیلی بات ہوئی تھی۔جس میں وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مشرق وسطیٰ کے تنازعات کوسیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی تعلقات خطہ میں امن واستحکام اور ترقی کے ضامن ہیں،پاکستان مشرق وسطیٰ میں تنازعات ختم اور تناؤ کم کرنے میں کردار ادا کرتا رہے گا اور پاکستان خطے اور دنیا کےامن کے لیے تمام تر کوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔