ٹیسٹ لیبارٹری کے قیام سے جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانیوالوں کا خاتمہ ہوسکے گا:شہباز شریف

لاہور میں ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہمیں قابل اعتماد ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا نظام میسر ہوگیا۔ لیبارٹری کا عملہ برطانیہ سے تربیت یافتہ ہے۔ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام سے جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانیوالوں کا خاتمہ ہوسکے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ڈرگ ٹیسٹ لیبارٹری کو صوبے بھر میں وسعت دی جائے گی۔ پانچ سال پہلے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غیرمعیاری ادویات کا مسئلہ سامنےآیا تھا۔ میں نے دنیا کے تین ممالک میں ان ادویات کو ٹیسٹ کیلئے بھیجا۔ اس وقت کی وفاق کی ڈرگ ٹیسٹ لیبارٹری نے ادویات کو درست قراردیا جبکہ برطانیہ کی لیبارٹری نے انہیں ادویات کو مضر قرار دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانوی لیبارٹری کے مطابق وہ ادویات امراض قلب کیلئے نہیں بلکہ ملیریا اور دیگر امراض کیلئے تھیں۔