سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ وفد میں سعودی شاہی خاندان کے افراد، وزرا اور تاجر بھی شامل ہوں گے۔ سعودی ولی عہد اپنے دورے کے دوران صدر ڈاکٹرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ سے ملاقات کریں گے۔ سینیٹ کا وفد بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرے گا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے مختلف طریقوں پرغور کیا جائے گا۔