سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، وزیراعظم
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، یہ ہے نیا پاکستان جس کی طرف آج پوری دنیادیکھ رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہدکی پاکستان آمد پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، اجلاس میں کورکمانڈرراولپنڈی سمیت وزیر اطلاعات فواد چوہدری ،وزیرپٹرولیم غلام سرورخان ، مشیر تجارت رزاق داؤد،سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری اطلاعات بھی شریک ہوئے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کی آمدپر حکومتی انتظامات پروزیراعظم کوبریفنگ دی گئی اور تیاریوں کاجائزہ لیا گیا جبکہ سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اعلیٰ سطح اجلاس میں سعودی عرب کےساتھ ہونیوالے معاہدوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔ وزیراعظم نے معزز مہمانوں کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کا خود جائزہ لیا اور کہا سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔