سعودی ولی عہد کی آمد، ٹریفک پلان جاری، ڈبل سواری بند رہے گی
اسلام آباد: شہر اقتدار میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، دو دن تک کسی قسم کا ہیوی ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہوسکے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کے متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا گیا ہے، 16 فروری صبح دس بجے سے 17 فروری رات دس بجے تک یہ ٹریفک پلان نافذ العمل رہے گا۔ ٹریفک کی بروقت اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لیےشہریوں کو چاہیے کہ اپنی گاڑیوں میں ٹریفک پولیس کا ریڈیو اسٹیشن ایف ایم 92.4 ٹیون کرکے رکھیں اور ان دو دنوں میں بلا مقصد سفر سے گریز کریں۔ ٹریفک ذرائع کے مطابق روات ٹی کر اس سے ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا، کاک پل سے بجانب کرال چوک اسلام آباد ایکسپریس وے ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ اسی طرح 26 نمبر چنگی سے اسلام آباد کشمیر ہائی وے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ کٹاریاں پل اور نائنتھ ایونیو آئی جے پی روڈ سے بجانب فیض آباد ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ سترہ میل ٹول پلازہ سے بجانب بجانب اسلام آباد مری روڈ اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔