تحریک انصاف فرانس کے تبدیلی پینل کی بلا مقابل کامیابی ، نو منتخب عہدیداروں کو یورپ بھر سے مبارکباد کے پیغامات
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے انٹرا پارٹی الیکشن میں تبدیلی پینل بلامقابلہ جیت گیا۔۔پی ٹی آئی الیکشن کمیشن برائے اوورسیز چیپٹرز نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق ملک عابد حسین تحریک انصاف فرانس چیپٹر کے صدر، شیخ نعمت اللہ سینئر نائب صدر، چوہدری محمد اعجاز جٹ جنرل سیکرٹری اور ماجد علی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف فرانس چیپٹر یورپ میں تحریک انصاف کا اہم چیپٹر سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں انٹرا پارٹی الیکشن تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان گروپنگ کا باعث بنتے رہے ہیں لیکن اب کی بار تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنماوں نے گروپنگ اور اختلافات کو ختم کرتے ہوئے الیکشن میں ایک مشترکہ پینل دیا تھا جو بلامقابلہ منتخب ہو گیا ہے۔ نو منتخب عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہم ان شاء اللہ فرانس میں پارٹی کی مضبوطی کے لئے مل جل کر کام کریں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حکومتی ایوانوں تک پہنچائیں اور ان کو حل کروائیں۔ فرانس اور یورپ بھر سے تحریک انصاف ممبران نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔