ملک کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ مری، مالم جبہ، سوات اور کالام سمیت پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے
لاہوراورگردونواح میں صبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی تیزاور ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ادھرصوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ ملکہ کوہسارمری میں ایک بارپھربرفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ۔ شدید سردی کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری کا رخ کیا تاہم رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے متعددمقامات پر مسافر پھنس گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ بارش کوٹلی میں انیس ملی میٹرریکارڈ کی گئی جبکہ راولا کوٹ میں سترہ اسلام آباد میں سولہ، مالم جبہ اور مری میں پندرہ، پاراچنار چودہ، مظفرآباد اورسیالکوٹ تیرہ،کالام رسالپوراور چیراٹ میں بارہ، کوئٹہ اور پشاورمیں دس ملی میڑ بارش ریکارڈ کی گئی محکمہ موسمیات کے مطابق کالام اور مری میں چھ انچ برف باری ریکارڈ کی گئی، اتوار کے روزاسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت تین ڈگری سینٹی گریڈ،لاہورچار،کوئٹہ چھ، مظفرآباد تین ،ملتان گیارہ،کراچی پندرہ، پشاورسات، گلگت منفی ایک،مری منفی پانچ،فیصل آباد میں آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور،سرگودھا،فیصل آباد، ملتان،ڈیرہ غازی خان،ڈویژن میں بارش جبکہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے علاوہ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب،قلات،گلگت بلتستان اورکشمیرمیں بیشتر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ڈی جی محکمہ موسمیات عارف محمود نے وقت نیوزکوبتایا کہ موجودہ سردی کی لہر پندرہ فروری تک برقراررہنے کا امکان ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش سے فصلوں پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔