بریگزٹ ڈیل پر دارالامرا میں حکومت کو ناکامی
برطانیہ کے دارلامرا میں بریگزٹ ڈیل کے حق میں 152 اراکین نے ووٹ دیا جس کے مقابلے میں 321 اراکین نے مخالفت میں ووٹ دیتے ہوئے یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے کو مسترد کردیا۔ دوسرے مرحلے میں بریگزٹ ڈیل پر آج دارالعوام میں ووٹنگ ہوگی جس سے متعلق کہا جارہا ہے کہ لیبر پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ 100 کنزرویٹو اراکین بھی ڈیل کے خلاف ووٹ دیں گے۔ ٹریزامے حکومت کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدگی کا معاہدہ پارلیمنٹ سے منظور نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو تین دن میں پلان 'بی' پیش کرنا ہوگا۔ اپوزیشن لیبر لیڈر جریمی کوربن کا کہنا ہے کہ حکومت کو بریگزٹ پر ذلت آمیز شکست ہوگی اور اب تک وزیراعظم ٹریزامے مکمل طور پر ناکام رہی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم ٹریزامے کی جانب سے مسلسل ارکان پارلیمنٹ سے بریگزٹ ڈیل پر نظر ثانی کی اپیل کی جارہی ہے۔ وزیراعظم ٹریزامے نے کہا کہ ڈیل کی مخالفت کرنے والے عوام کو نیچا دکھانے کا خطرہ مول نہ لیں، اگر یورپی یونین سے علیحدگی کا معاہدہ مسترد ہوا تو شاید معاہدے کے بغیر ہی یورپی یونین سے نکلنا پڑ جائے یا پھر یوریی یونین سے علیحدگی ہی نہ ہو پائے۔