قومی اسمبلی: بل مسترد کئے جانے پر اپوزیشن ارکان کا احتجاج

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک بار پھر گرما گرمی ہوئی، نجی بل مسترد کئے جانے پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا، سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا، ڈپٹی سپیکر کو رولنگ واپس لینا پڑ گئی۔ بل ایم ایم اے کی عالیہ کامران نے پیش کیا۔ حکومت کی جانب سے مخالفت پر عالیہ کامران نے ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا، گنتی کرائی گئی تو تحریک کی مخالفت میں 96 اور حمایت میں 94 ووٹ آئے، ڈپٹی سپیکر نے دو ووٹ زیادہ ہونے پر تحریک مسترد ہونے کی رولنگ دے دی۔ اپوزیشن نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیا۔ دوبارہ گنتی نہ کرانے پر اپوزیشن ارکان نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا جس پر ڈپٹی سپیکر نے کارروائی 10 منٹ کے لیے ملتوی کر دی۔