آج رات 12 بجے تمام مسروقہ، غیر استعمال شدہ فون بند کردیئے جائیں گے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق آج رات 12 بجے تمام مسروقہ، غیر استعمال شدہ فون بند کردیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل موبائل فونز کی تصدیق کے لیے پی ٹی اے نے 20 اکتوبر 2018 کی ڈیڈ لائن دی تھی، جسے بعدازاں 15 جنوری تک بڑھا دیا گیا تھا۔ پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق آج رات 12 بجے تک استعمال ہونے والے موبائل فون کار آمد ہوں گے اور اس کے علاوہ تمام اسمگل شدہ، چوری یا چھینے گئے موبائل فونز بند کردیئے جائیں گے۔ پی ٹی اے نے موبائل فونز کی تصدیق کی تاریخ میں غیرمعینہ مدت تک توسیع کردی پی ٹی اے کی ترجمان طیبہ افتخار کے مطابق وہ موبائل فون جو چوری شدہ یا چھینے گئے ہیں اور ان کی رپورٹ پی ٹی اے کو کی گئی ہے یا آج کے بعد جو موبائل فون چھینے یا چوری کیے جائیں گے، انہیں پی ٹی اے فوری بلاک کردے گا یا سراغ لگا کر استعمال کرنے والے سے موبائل فون کے اصل مالک کو واپس کرنے کو کہے گا۔