سٹیٹ بینک نے کم آمدنی والے افراد اور شہریوں کےلئے نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام شروع کر دیا

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے منگل سے کم آمدنی والے ایسے افراد جن کا بینکوں میں کوئی لین دین نہیں بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کو ابتدائی مالیاتی امور کی تعلیم فراہم کرنے کےلئے نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام پر عملدرآمدشروع کر دیا، مرکزی بینک کے ذرائع کے مطابق یہ پائلٹ پروگرام اگست 2017ءکے دوران ملک کے77 اضلاع میں شروع کیا گیا تھا اور اب اس پراجیکٹ کا دائرہ کار ملک کے تمام158اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے، نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام کو مزید موثر اور عوام تک اس کے ثمرات پہنچانے کےلئے منگل سے بڑے پیمانے پر پرنٹ اور سوشل میڈیا بشمول ریڈیو براڈ کاسٹ پر اس مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت مذکورہ شعبوں کے افراد کو بچتوں،سرمایہ کاری،قرضوں کے انتظامی امور،صارفین کے حقوق اور ذمہ داریوں،اسلامک بینکنگ،برانچ لیس بینکنگ اور کرنسی مینجمنٹ کی ٹریننگ ہاف ڈے کلاس روم ٹریننگ کے ذریعے دی گئی۔مرکزی بینک کے مطابق یہ پروگرام ایشائی ترقیاتی بینک (اے ڈی پی) کے فنڈز کے ذریعے شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد فنانس کی سہولت تک رسائی کو بہتر بنانا ہے اور اس پروگرام کے تحت مختلف مراحل میں پانچ سال کے دوران 10لاکھ افراد تک اس کے ثمرات پہنچانا ہے ۔این ایف ایل پی کا مقصد عوام کی اس طرح رہنمائی کرنا ہے کہ وہ مالیاتی امور کے حوالے سے بہتر اور موثر فیصلہ سازی کرنے میں کامیاب ہوں جبکہ اس کا ایک اور بنیادی مقصد مالیاتی صنعت میں روز افزوں ہونیوالی نئی ایجادات کے بارے میں شہریوں کو مالی امور کے بارے بہتر تعلیم اور معلومات فراہم کرنا بھی ہے۔