ٹرمپ کا موقف تبدیل، طیّب اردوان کو ترکی کے سکیورٹی خدشات کے حوالے سے مدد کرنے کی یقین دہانی
وائٹ ہاوس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترک ہم منصب رجب طیّب اردوان سے بات کرتے ہوئے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ شام میں ترکی کے سکیورٹی خدشات سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بیان صدر ٹرمپ کی جانب سے اختتامِ ہفتہ پر کی جانے والی ان ٹویٹس میں دیئے گئے پیغام سے بالکل مختلف ہے جن میں انھوں نے ترکی کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا تھا۔صدر ٹرمپ نے ترکی کے حوالے سے اپنی تازہ ترین ٹویٹ میں کہا کہ میری صدر اردوان سے بات ہوئی ہے جہاں میں نے واضح کیا ہے کہ ہمارا شدت پسند گروپ داعش کے خلاف جنگ کے بارے موقف کیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہم نے امریکہ اور ترکی کے تجارتی تعلقات کے بارے میں بھی بات کی جس میں اضافے کا بہت امکان ہے۔